کراچی : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی بھی کردی۔ ویسٹ انڈین کپتان کہتے ہیں بابر اعظم ، رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بہترین کرکٹر ہیں تاہم ہم بھی کسی سے کم نہیں۔
نیو نیوز کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دوسرے دن بھی پریکٹس کی ۔ کپتان بابر اعظم اور مہمان کپتان نیکولس پورن نے ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔
بعد ازاں ورچوئل پریس کانفرنس میں ویسٹ انڈیزٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان نیکولس پورن نے کہا کہ ’ہم پاکستان کے خلاف نئے پلیئرز کےساتھ میدان میں اترنے اور بھرپور مقابلے کے لیے تیار ہیں، ہمارے اسکواڈ میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں‘۔
نیکولس پورن کا کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ کچھ وقت سے اچھاکھیل پیش کر رہا ہے،سی پی ایل، ٹی 10میں ہمارےکھلاڑیوں نے شاندارکھیل پیش کیا، ہم پُرامید ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف بھی بہترین کھیل کے سلسلے کو جاری رکھیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 20کرکٹ میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا مگر ہمیں اپنےکھلاڑیوں کی صلاحیتوں پرپورا یقین ہے، ٹی 20کرکٹ میں کوئی بھی کھلاڑی کھیل بدل سکتا ہے،کرونا کےباعث 3کھلاڑیوں کےسیریز سے باہر ہونے پر افسوس ہوا ہے۔
ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کےساتھ بات چیت ہوتی رہتی ہے، وہ اور محمد رضوان بہت اچھی بلے بازی کررہے ہیں، رواں سال کے کلینڈر میں دونوں نے شاندار کارکردگی پیش کر کے ریکارڈز بنائے ہیں۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کراچی کے شہریوں کو اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کراچی میں ہمیشہ سے ہی کرکٹ کھیلنے کا مزہ آتا ہے، ہمیشہ کی طرح ہمیں اس بار بھی کراچی والوں سے بھرپور سپورٹ کی توقع ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ سب سے بڑھ کر جو چیز ضروری ہے وہ یہ کہ کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیے گا اور ماسک ضرور پہنیے گا کیونکہ آپ کی سیفٹی بہت ضروری ہے۔
ہماری ٹیم بہترین ترین ،تمام کھلاڑی فارم میں ہے ایک کپتان کو اور کیا چاہیے کہ اس کے تمام کھلاڑی فارم ہوں ۔ ہوم کنڈیشن پر کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن ہے۔