لاہور: پنجاب سے تعلق رکھنے والی 180 سے زائد سیاسی شخصیات نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
لاہور میں بلاول بھٹو زرداری نے مختلف جماعتوں سے پی پی میں شمولیت کرنیوالی سیاسی شخصیات اور رہنماؤں سے ملاقات کی۔ملاقات میں پی ٹی آئی،ن لیگ ،جماعت اسلامی،ق لیگ، جےیوپی ، مختلف برادریوں اور آزادحیثیت میں سیاست کرنے والی 180 سے زائد شخصیات شامل تھیں، جنہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے شمولیت اختیارکرنے والی 180سے زائد سیاسی شخصیات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جس گھر پر پی پی کا پرچم لہرایا گیا وہاں دوبارہ پی پی کا جھنڈا لہرائیں گے اور جس نے کبھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا اس کو اپنے ساتھ ملائیں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ 70کی دہائی کی طرح آج بھی روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ اتنا ہی معنی رکھتا اور ضروری ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی اور ہمیں پنجاب کے دل کو جیتنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ماضی میں پنجاب کے عوام کو روزگار دیا اور رہائشی اسکیموں کے ذریعے شہریوں کو گھر دیے اور آج بھی واحد جماعت پیپلزپارٹی ہی ہے جو پنجاب کے عوام کو روزگار دے سکتی ہے جبکہ ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں بلکہ اصل مسئلہ عوام کے بنیادی حقوق ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی حکومت کیلئے نہیں عوامی خدمت کیلئے سیاست کرتی ہے اور جب پنجاب کی ہر تحصیل میں پہنچوں گا تو مخالفین کو معلوم ہو جائے گا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی طور پر کہاں موجود ہے اور پی پی کس طرح عوامی سیاست کرتی ہے۔