لاہور: پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں میئرز،کونسلرز اوریوتھ کے امیدواروں کیلئے عمر کی حد مقرر کر دی گئی۔
حکومت پنجاب کے جاری بلدیاتی آرڈیننس کے مطابق بلدیاتی انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے، میئر، ڈپٹی میئر اور کونسلرز کا مشترکہ پینل ہو گا جبکہ سیاسی جماعتوں کے ارکان یا آزاد افراد پینل کی شکل میں ہی انتخاب لڑ سکیں گے تاہم تمام کیٹیگریز کیلئے پینل نہ دینے والے الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔
آرڈیننس کے تحت سادہ اکثریت لینے والا امیدوار کامیاب ہوگا، کونسلر کے امیدواروں کیلئے عمرکی کم از کم حد 21 سال اور میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے 25 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ یوتھ کیلئے عمر کی کم ازکم حد 18 اور زیادہ سے زیادہ 32 سال ہو گی۔
آرڈیننس کے مطابق منتخب ارکان کیلئے کونسل کے پہلے اجلاس کی تاریخ کے 60 دن کے اندر اندر رکنیت کا حلف اٹھانا لازمی ہو گا۔ ویلیج کونسل اورنیبرہڈکونسل 3 ماہ کے اندرکیمونٹی کونسلز اورپنچایت کونسلز بنانےکی پابند ہو گی۔
آرڈیننس کے تحت پنچایت کونسلزاورکیمونٹی کونسلز 5 ارکان پرمشتمل ہوں گی اور بلدیاتی ادارے کا کوئی منتخب رکن ان کونسلز کا ممبرنہیں ہو گا اور ارکان کی نامزدگی 2 سال کیلئے ہو گی۔