اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے فارما انڈسٹری کی سہولت کیلئے انقلابی اقدام اٹھایا ہے۔ ڈریپ نے دفتری امور میں کاغذ کے استعمال کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادارے کی 45 لاکھ دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا۔
نیو نیوز کے مطابق وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈریپ میں ای گورننس نظام کا نفاذ حتمی مراحل میں ہے ۔ ڈریپ کے شعبہ جات کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے ۔ ای گورننس کا باضابطہ افتتاح ڈاکٹر فیصل سلطان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ای گورننس سسٹم کا نام پاکستان انٹیگریٹڈ ریگولیٹری انفارمیشن مینجمنٹ ہے جو امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے تعاون سے تیار کردہ ہے۔ سسٹم کے ذریعے درخواست گزار آن لائن ایپلیکیشن سٹیٹس چیک کر سکے گا۔ سسٹم سے شفافیت، احتساب کا عمل تیز ہو گا، ڈریپ ملازمین کی کارکردگی کی مانیٹرنگ ہو گی۔
ذرائع کے مطابق شعبہ امپورٹ، ایکسپورٹ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے ۔ ادویہ لائسنسنگ کیلئے درخواستوں کی آن لائن وصولی جاری ہے۔ شہریوں کو ادویات امپورٹ این او سی کا آن لائن اجرا شروع ہو گیا ہے ۔ادارے کا گذشتہ پندرہ سالہ ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ۔ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام سے ابتک کا ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے۔