جلسے کے دوران جلاؤ گھیراؤ سے اجتناب کیا جائے، پی ڈی ایم کی کارکنوں کو ہدایت

جلسے کے دوران جلاؤ گھیراؤ سے اجتناب کیا جائے، پی ڈی ایم کی کارکنوں کو ہدایت
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے مینار پاکستان پر 13 دسمبر کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے کارکنوں کو ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ ہدایت نامے میں کہا گیا کہ جلسے میں شریک ہونے والے تمام کارکن اپنا قومی شناختی کارڈ اپنے پاس رکھیں اور موسم کے مطابق کارکن چادر، مفلر اور رومال بھی ساتھ رکھیں جبکہ چھتری اور پانی کی بوتل جو پینے اور وضو کے کام آ سکے اپنے پاس رکھیں۔ تمام کارکنان مقامی قیادت سے رابطے میں رہیں اور اپنے گروپوں سے الگ نہ ہوں۔ 

ہدایت نامے میں جلسے کے شرکا کو ہدایت کی گئی کہ قومی املاک کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور تمام کارکنان ایک دوسرے کا احترام کریں جبکہ بحث و تکرار سے بھی گریز کریں جبکہ جلاؤ گھیراؤ سے بھی اجتناب کریں۔ جلسے کے شرکا موبائل چارجنگ کے لئے پاور بینک یا ڈبل بیڑی کا انتظام کر کے آئیں۔ تمام کارکنان جلسہ گاہ میں سیکیورٹی کی ذمہ دار انصار السلام تنظیم کے ساتھ تعاون کریں اور قانون کا بھی احترام کیا جائے۔ 

خیال رہے کہ مینار پاکستان گراونڈ میں جلسے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور احاطے میں سٹیج اور کرسیاں لگانے کا کام جاری ہے جبکہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سٹیج کی تیاری متاثر کرنے کے لئے گریٹر اقبال پارک کے گیٹ کو تالا لگایا گیا لیکن لیگی کارکنوں نے اسے توڑ کر سٹیج بنانے کا سامان لے کر مینار پاکستان کے احاطے میں داخل ہو گئے۔ لائٹس اور ساونڈ سسٹم بھی نصب کر دیئے گئے ہیں اور ورکرز کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے۔