لاہور: پی ڈیم ایم کا جلسہ شروع ہونے سے پہلے مسلم لیگ (ن) کے باغی رکن جلیل شرقپوری نے تہلکہ خیز انکشافات کر کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا جلسہ صرف اور صرف انتشار پر مبنی ہے اور ملک کے باشعور عوام قطعی شرکت نہ کریں ۔ نواز شریف اور زرداری کے مقدمات ختم کرانے کے لئے پی ڈی ایم اکٹھی ہوئی ہے اور لاہور کا جلسہ ملکی مفاد ہوتا تو اس میں شرکت کرتا بلکہ انتشاری جلسہ کے خلاف ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کو مضبوط کیا لیکن مریم نواز اس کو ختم کرنے پر تُلی ہوئی ہے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور آصف علی زرداری مولانا فضل الرحمان کے پیچھے یہودی لابی کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سے زیادتی ہوئی لیکن ملک کو اس وقت انارکی کی طرف نہ لے جائیں اور اگر ملکی مفاد میں ہوا تو میں بھی استعفیٰ دے دوں گا کیونکہ ابھی جو تحریک چل رہی ہے وہ ملکی مفاد کے خلاف ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رینما چودھری نثار کا بیانیہ درست تھا کیونکہ وہ بھی انتشار کی سیاست کے خلاف تھے۔
جلیل شرقپوری نے عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان سے بھی کچھ غلطیاں ہوئی ہیں لیکن ان کی پالیسیاں درست ہیں تاہم نواز شریف پارلیمنٹ سے باہر مولانا فضل الرحمان کے پیچھے چلتے ہیں اور پارلیمنٹ کے اندر اپنے پیچھے چلانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ جلیل شرقپوری نے گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جس کے بعد انہیں پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔