کراچی:شوبز انڈسٹری کی معروف اداکار و ماڈل فریال محمود نے کہا ہے کہ اس وقت وہ اور ان کے شوہر دانیال راحیل ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں کیونکہ اپنے کام کی مصروفیت کی وجہ سے وہ دونوں گزشتہ 5 ماہ سے ایک دوسرے سے نہیں ملے ہیں۔
گزشتہ کچھ دنوں سے شوہر سے علیحدگی کی افواہوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہنے والی فریال محمود نے بھی دانیال راحیل کے بعد اب ان افواہوں کی تردید کردی ہے۔
اس ضمن میں فریال محمود نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کہا کہ ’میں کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر دانیال اور اپنی علیحدگی سے متعلق پوسٹس دیکھ رہی ہوں جو صرف اس وجہ سے پھیلائی جارہی ہیں کیونکہ میں اور دانیال ایک ساتھ تصویریں شیئر نہیں کرتے‘۔
فریال محمود نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’چونکہ آج کل میری اور دانیال کی ایک ساتھ تصویریں سامنے نہیں آرہیں تو آپ لوگ کہیں گے کہ ہمارے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے‘۔
اداکارہ نے افواہیں پھیلانے والوں پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا اب ہمیں آپ لوگوں کو ہماری شادی قائم رہنے کا ثبوت دینا پڑے گا، کیا ہم آپ کی مرضی سے ایک ساتھ وقت گزاریں گے‘۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’میں اور دانیال اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں کیونکہ کام کی مصروفیت کی وجہ سے ہم نے گزشتہ 5 ماہ سے ایک دوسرے کو نہیں دیکھا ہے۔‘
فریال محمود نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم ہماری شادی کو چھوڑ دیں اور ان مسائل پر بات چیت کریں جو اس سے کہیں زیادہ اہم ہیں‘۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ’میں ہماری علیحدگی سے متعلق افواہوں کو دیکھ کر بے حد افسردہ ہوئی ہوں‘۔