لاہور: ایک بار پھر پنجاب پولیس کی پرانی وردی بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا .
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کی پرانی وردی بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرانی وردی بحالی کیلئے ایک کمیٹی بنائے گئی جس میں سینیئر اہلکار اور افسران شامل تھے۔ کمیٹی نے اپنی تجاویز دیں جن پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب پولیس کی پرانی وردی دوبارہ بحال کر دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وردی کا اسٹاک بھی ختم ہو گیا ہے اس لیے بجائے اس کے کہ مزید موجودہ وردی بنوائی جائے ہم نے اس وردی کو ختم کرنے کا ہی فیصلہ کر لیا ہے ۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ موجودہ وردی پر پولیس افسران اور اہلکاروں نے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی یونیفارم سے صوبائی سرحدوں پر آپریشنز میں دشواری کا بھی سامنا تھا۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پرانی وردی یکم جولائی 2019ء سے صوبے بھر میں مکمل بحال ہو جائے گی ۔
خیال رہے کہ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے پولیس کی وردی تبدیل کی تھی انہوں نے نئی وردی کو آئی جی سے لے کر کانسٹیبل تک کے ملازمین کیلئے لازمی قرار دی تھی ۔