ڈونلڈ ٹرمپ نے محمد بن سلمان کو خشوگی کا قاتل قرار دینے سے انکار کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے محمد بن سلمان کو خشوگی کا قاتل قرار دینے سے انکار کر دیا
کیپشن: image by facebook

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی صحافی جمال خشوگی کا قاتل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ٹھہرانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کو اس کے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی صحافی جمال خشوگی کا قاتل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ٹھہرانے سے انکار کر دیا ہے، انھوں نے کہا کہ مجھے اس حوالے سے کسی جانب سے کوئی بریفنگ نہیں ملی ہے،  فی الحال ہم اپنے موقف پر قائم ہیں، سعودی عرب ہمارا اچھا اتحادی ہے اور انھوں نے قتل کی تحقیقات کے بعد کئی افراد کو گرفتار کیا ہے جس پر تفتیش جاری ہے۔

اوول آفس میں انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ محمد بن سلمان سعودی عرب کے لیڈر ہیں اور سعودی عرب ہمارا اچھا اتحادی ہے ، ہم سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں جس پر سعودی عرب حکومت پہلے ہی تفتیش کر رہی ہے ۔

انھوں نے جمال خشوگی کے قتل پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک انتہائی سفاکانہ اقدام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے لیکن ہم بغیر شواہد کے سعودی شہزادہ کو قاتل قرار نہیں دے سکتے ، اس حوالے سے ہمیں تفتیشی عمل کے مکمل ہونے کا انتظار کرنا چاہئے۔

جمال خشوگی کے معاملے پر ری پبلیکنز   کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ سی آئی اے کے چیف کی جانب سے قتل پر مکمل بریفنگ اور محمد بن سلمان کو قصوروار ٹھہرائے جانے کے باوجود ٹرمپ نے اس معاملے پر ان کا نام لینے سے انکار کیا اور معاملے کو گول کرنے کی کوشش کی ہے۔