لاہور:پاکستان میں نئے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اعتماد کی فضاء میں موجود کمی کوبحال کرنے کی کوشش کریں گے اور ان کی کوشش ہو گی کہ دونوں ملکوں کے عوام کا ایک دوسرے سے میل جول بڑھے اور بھارت کی جانب سے ویزوں کی جو پابندیاں پاکستانیوں پر لگائی گئی ہیں ان کے خاتمہ کے لیے بھی وہ کوشش کریں گے۔
اپنی اہلیہ کے ہمراہ واہگہ بارڈر کے راستہ لاہور پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے اجے بساریہ نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی پاکستان آ چکے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کے بھارت سے تعلقات کو بہتر کیا جائے اس سلسلہ میں وہ بھر پور کوشش کرینگے ان کا کہناتھا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی کے رشتے کو مضبوط کرنے آئے ہیں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضاء بہتر ہونی چاہیے دونوں ممالک کے درمیان مسائل بات چیت کے ذریعہ حل ہوںگے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے وہ کوشش کرینگے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھار میں بسنے والے لوگوں کے دل ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔ ان کی کوشش ہو گی کہ دونوں طرف کی عوام کے لیے مزید ویزے فراہم کیے جائیں وہ پاکستانی قیادت سے ملیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کریں گے۔