نئی دہلی: سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے ریاستی انتخابات میں کانگریس کو کامیاب کرانے کے لیے پاکستانی مداخلت کے الزامات کو احمقانہ قراردیدیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے نریندرا مودی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر سے خفیہ ملاقات کے حوالے سے الزامات پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندرا مودی کی جانب سے خفیہ ملاقات کے بےبنیاد الزامات ان کے لیے تکلیف کا باعث بنے ہیں۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم اور فوج کے سربراہ سمیت آئینی اداروں کو بدنام کرنے کی ایک خطرناک روایت کا آغاز کردیا ہے۔سابق بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کو قوم پرستی سے متعلق کسی وعظ کی ضرورت نہیں، عوام کانگریس اور ان کی خدمات کو بخوبی جانتے ہیں، مجھے وزیراعظم مودی کی طرف سے محض سیاسی فائدے کےلئے احمقانہ الزام تراشی دراصل گجرات کے انتخابات میں واضح شکست کی بوکھلاہٹ ہے