ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ”رئیس“ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے بھارت نہ جانے کے باعث فلم کی بقیہ شوٹنگ دبئی اور مراکش میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں اور پروڈیوسرایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز کے کام کرنے پر پابندی عائد ہے جس کے باعث شاہ رخ خان کی فلم ”رئیس“ مشکلات سے دوچار ہوگئی ہے جب کہ فلم میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی جگہ دوسری اداکارہ کو کاسٹ کرنے کی خبریں زیر گردش تھیں۔
لیکن فلم کے ٹریلر میں ماہرہ کی موجودگی کے بعد تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں اور اب فلم کی تکمیل کے لیے ہدایتکار راہول ڈھولکیا نے بھی انتہائی قدم اٹھایا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرہ خان نے فلم کی تکمیل کے لیے بھارت جانے سے انکار کردیا تھا۔
جس کے بعد فلم کے 2 گیتوں کی شوٹنگ بیرون ملک کرانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ شاہ رخ خان فلم ”رئیس“ کی تکمیل کے لیے ٹیم کے ہمراہ دبئی پہنچ گئے ہیں ۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور ماہرہ خان فلم ”رئیس“ اگلے برس 26 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔