لاہور : نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی جانب سے 500 کے وی گرڈ سٹیشن شیخوپورہ میں ایک اور 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر نصب کیاگیا ہے جس کا مقصد گرڈ سٹیشن کی بجلی کی ترسیل کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔
این ٹی ڈی سی کی پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) لاہور کی ٹیم نے500 کے وی گرڈ سٹیشن شیخوپورہ میں 160 ایم وی اے 220/132 کے وی آٹو ٹرانسفارمر (ٹی-8) کی جگہ نیا 250 ایم وی اے 220/132 کے وی آٹو ٹرانسفامر لگانے کا کام مکمل کیا، مذکورہ آٹوٹرانسفارمر کو کامیابی کے ساتھ انرجائز کر دیا گیا ہے۔ اس کام کی تکمیل کیلئے 14 اگست تک شٹ ڈاون کی منظوری دی گئی تھی تاہم این ٹی ڈی سی ٹیم نے اضافی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مقررہ تاریخ سے 03 دن پہلے ہی پراجیکٹ مکمل کرلیا۔
اس آٹو ٹرانسفارمر سے 500 کے وی گرڈ سٹیشن شیخوپوہ کی لوڈنگ کی استعداد میں اضافہ ہو گا اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے تحت آنے والے علاقوں کو ریلیف ملے گا۔ این ٹی ڈی سی گرڈ سٹیشن کی استعداد میں بہتری سے بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی جس سے علاقے کے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم)، انجینئر رشید اے بھٹو اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) انجینئر قیصر خان نے منصوبے کی تکمیل پر پراجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) لاہور کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔