کراچی: کراچی میں ایف آئی اے کاڈریپ کے ساتھ جعلی ادویات بنانے والوں کیخلاف بڑاایکشن لیا جس میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے شیر شاہ کے علاقے میں بڑی کاروائی کی۔جس کے دوران لاکھوں مالیت کی مشتبہ ادویات، مشینری اور دیگر آلات برآمد کرلئے گئے۔
رہائشی علاقے میں قائم ادویات ساز فیکٹری میں جعلی ادویات کی تیاری اور پیکنگ ہو رہی تھی، مذکورہ جعلی فیکٹری سے بھاری مقدار میں مشتبہ ادویات برآمد کر لی گئیں۔ چھاپے کے دوران انجیکشنز، ادویات اور خام مال کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
چھاپے کے دوران ادویات کی خالی بوتلیں، خالی کیپسولز اور پیکنگ بکسسز برآمد کئے گئےاور چھاپے کے دوران فیکٹری کے مالک مجیب الرحمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزم کے مطابق جعلی ادویات مختلف شہروں میں سپلائی کی جارہی تھیں، کارروائی میں ادویات کی پیکنگ کے لئے زیراستعمال آلات اور مشینری بھی برآمد کی گئی جبکہ بڑی تعداد میں مختلف اقسام کے پاوڈر اور لیکویڈ بھی برآمد کئے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔