راولپنڈی: راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 12 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست کو خارج کر دیا جبکہ انہیں واقعات کے دیگر مقدمات میں 500 سے زائد ملزمان کی حاضری لگا کر مزید سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی ۔
نو مئی کے پرتشدد واقعات کے مقدمات کی سماعت اڈیالہ جیل میں انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔ آج سماعت کے موقع پر شیخ رشید، شبلی فراز، غلام سرور خان، صداقت عباسی، شیریں مزاری، اعظم سواتی سمیت 500 سے زائد ملزمان کی حاضری لگائی گئی، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی اور دیگر ملزمان کی جانب سے محمد فیصل ملک لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی 12 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ ان تمام مقدمات کی تفتیش کو 7 روز میں مکمل کیا جائے، ملزم جب اتنے سارے مقدمات میں گرفتار ہو تو تفتیش ضروری ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی گئی۔