20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ حکومت آ سکتی ہے،31 اگست کا دن بہت اہم ہے، شیخ رشید

12:41 PM, 12 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی :سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہناہے کہ 20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ حکومت آسکتی ہے اور اس کے لیے انٹرویوز بھی شروع ہوچکے ہیں۔ 

اڈیالا جیل کے باہرنومئی مقدمات میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کاکہنا تھا کہ اگست اور ستمبر کے مہینے بہت بھاری ہوں گے، 20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ کی حکومت آ سکتی ہے، نئی حکومت کیلئے انٹرویو شروع ہوچکے ہیں۔31 اگست کا دن بہت اہم ہے حکومت اپنا سامان باندھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کسی کو ایکسٹینشن نہیں دیں گے، شہباز شریف کے پاس کوئی پاور نہیں اور نہ ان  کی کوئی سنتا ہے، حکومت کی کارکردگی خاک ہو چکی ہے، عدلیہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ملک میں استحکام پارٹی آئی ہے لیکن اس پارٹی کو استحکام کے سپیلنگ بھی نہیں آتے۔

  شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج دوسال ہو گئے اور  مجھ پر 14 کیسز ہیں مگر ابھی تک چالان نہیں ملے،  پولیس نے10 لاکھ روپے لے کر 9 مئی کے مقدمات میں نام ڈالے۔ جو 4 دن جیلوں میں نہیں رہے انہوں نے 164 کے بیان دیے۔میرا 40 کلو وزن کم ہو گیا ہے۔کبھی نہیں سوچا تھا کہ گیٹ نمبر 4 والے مجھے اٹھا کرلے  جائیں گے۔

 ڈی جی آئی ایس آئی سے گزارش کرتے ہو ئے ان کا کہناتھا کہ پولیس ہمارے گھروں سے بڑا مال لوٹ کر لے گئی ہے،ہماری خواتین کا زیور، میری گھڑیاں اور میرے شوز بھی لے گئی ہے، میری گزارش ان لوگوں سے ہے جن کے ساتھ میرا جنم جنم کا رشتہ تھا۔ میری آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اپیل ہے کہ عام معافی کا اعلان کیا جائے۔ 

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمارے کیسز میں عمران خان اور بشریٰ بی بی بھی آگئی ہیں مگر ہم نے ان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، لیڈر اور ورکرز کو الگ الگ کیا جائے، میرا ایک بندے سے تعلق ہے پوری جماعت سے کوئی واسطہ نہیں۔سابق وزیر نے مزید کہا کہ 31 اگست کا دن بہت اہم ہے حکومت اپنا سامان باندھ رہی ہے، میں 31 اگست سے مکمل فعال ہو رہا ہوں۔ 

شیخ رشید نے مزید کہا کہ جتنے لوگ جیتے ہیں وہ سب پلاننگ سے تحت جیتے ہیں، میرے ووٹ نکالے بھی گئے ہیں مگر میں  اپنی شکست تسلیم کرتا ہوں، 16 دفعہ وزیر رہنے والے نے 40 دن کا چلہ کاٹاہے، ہم سرخرو مریں گے۔  ملک میں جو کچھ ہونے جارہا ہے وہ بہت برا ہے۔ 

مزیدخبریں