ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد بھارت فرار ہونے والی شیخ حسینہ واجد نے بھی امریکا کو حکومت گرانے کا ذمہ دار قرار دے دیا۔
حسینہ واجد نے اقتدار سے نکالے جانے کے بعد پہلی بار لب کشائی کی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حسینہ واجد نے قریبی ساتھیوں کو پیغام میں دعویٰ کیا کہ امریکا خلیج بنگال پر تسلط قائم کرنا چاہتا ہے اور سینٹ مارٹن کے جزیرے پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہاکہ میں نے جزیرے کا کنٹرول امریکا کے حوالے نہیں کیا تو میری حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا اور استعفیٰ بھی اس لیے دیا کہ طلبہ اور عوام کی مزید لاشیں نہ گریں۔حسینہ واجد کا کہنا تھاکہ جلد وطن واپس آؤں گی،میں طلبہ سے کہنا چاہتی ہوں میں نے کبھی ’رضاکار‘ نہیں کہا بلکہ میرے الفاظ کو غلط رنگ دے کر پیش کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی حالیہ صورتھال میں امریکا اور بیرونی قوتیں شامل ہیں۔ یہ میری شکست ہے لیکن بنگلہ دیش کی عوام کی فتح تھی۔