فیصل آباد:سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی معاہدے کے تحت باہر ہیں اور معاہدہ یہ ہے کہ مائنس عمران خان ہوگا اور پارٹی شاہ محمود قریشی چلائیں گے۔ انتخابات فروری 2024 میں ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے راجہ ریاض نے کہا کہ اسحاق ڈار نگران وزیر اعظم بننے میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ انوار الحق کاکڑ کا نام میں نے خود دیا ہے۔ وزیرا عظم کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میرے دیے نام پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی ملاقات میں ہی انوار الحق کاکڑ کا نام دیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کے نام پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ دیگر پانچ ناموں کے بارے میں آپ کو نہیں بتاؤں گا۔آپ یہ سمجھ لیں کہ مجھے صرف انوار الحق کاکڑ کے نام کا ہی پتا ہے۔
انتخابات کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ انتخابات فروری 2024 میں ہوں گے اور تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی یا نہیں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ آئندہ انتخابات ن لیگ سے لڑوں گا یا نہیں ابھی فیصلہ نہیں کیا۔