چین: مٹی کے تودے گرنے سے 2 افراد ہلاک، 16 لاپتہ: رپورٹ

04:22 PM, 12 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

ژیان:  شمالی چین کے شہر ژیان کے قریب شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے سے دو افراد ہلاک اور 16 لاپتہ ہیں۔


چین کو حالیہ ہفتوں میں مہلک سیلاب اور تاریخی بارشوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملک کے شمالی حصے میں آنے والے طوفانوں سے مرنے والوں کی تعداد گزشتہ روز کم از کم 78 تک پہنچ گئی ہے۔

چینی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی رپوٹ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث اچانک پہاڑی سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے لگے۔ ابتدائی معائنہ سے معلوم ہوا کہ  گاؤں کے دو گھر بہہ گئے ہیں اور سڑکوں، پلوں اور بجلی کی فراہمی سمیت بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

رپوٹ میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی طور پر مٹی کے تودے میں پھنسے ہوئے چار افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا نے کہا کہ ہنگامی ردعمل اور بچاؤ کی کوششیں صبح سے جاری ہیں کیونکہ 16 افراد لاپتہ ہیں۔

ژیان کے شہر کے مرکز سے دو گھنٹے جنوب میں ایک تنگ گھاٹی میں واقع ویزیپنگ گاؤں میں اچانک سیلاب آگیا۔ شہر میں ہنگامی انتظامی حکام نے خبردار کیا کہ اس علاقے میں مستقبل قریب میں شدید طوفانوں کےمتعدد چکر دیکھنے کو ملیں گے۔

 ہنگامی انتظامی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسلسل بارش کے باعث  پہاڑ اور مٹی بہت زیادہ نرم ہو جائے گی، جو ممکنہ طور پر ثانوی آفات جیسے پہاڑی سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا باعث بنے گی۔

مزیدخبریں