ملک میں کل سے 16 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

11:29 AM, 12 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کل سے 16 اگست کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

 
تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقے شمال مشرقی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اورکشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور ملک کے وسطی اورجنوبی علاقوں میں آندھی/ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آبادمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

خیبرپختونخوا ایبٹ آباد ، بالاکوٹ،مالاکنڈ ، پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے،بلوچستان صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید مون سون بارشیں متوقع ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور شکرگڑھ میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی اور اٹک، جہلم و چکوال میں بھی بادل مینہ برسا سکتے ہیں۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب تاہم آندھی/گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں بوندا باندی/ہلکی بارش کی بھی توقع ہے،کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہےجبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقا ما ت پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،اسلام آباد میں رات گئے بارش اوتر تیز ہواؤں سے درخت بھی گر گئے۔

سیلاب سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ راوی، چناب، ستلج اور دریائے جہم میں فوری سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے تاہم دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

مزیدخبریں