کوئٹہ: قومی اسمبلی (بدھ کو) اور سندھ اسمبلی (جمعہ کو) تحلیل ہونے کے بعد بلوچستان اسمبلی اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری ہونے پر آج (ہفتہ) کو تحلیل ہو جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری آج گورنر کو ارسال کریں گے۔ وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر گورنر سمری پر دستخط کریں گے۔
دریں اثناء نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے لیے تاحال کوئی نام فائنل نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق جمعے کو جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور بی این پی (ایم) کے سربراہ سردار اختر مینگل کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور اسلام آباد میں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی-ف اور بی این پی-ایم دونوں نے نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے دو دو نام تجویز کیے ہیں۔ اپوزیشن نے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے کا عزم کیا۔