لندن : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ عالمی امن کے مفاد میں ہے کہ بین الاقوامی قانون کے وقارکو برقرار رکھا جائے ۔ اگر ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے تو مجھے ڈر ہے کہ ہم اس خوبصورت دنیا کو تباہ کر دیں گے۔
برطانیہ میں پاکستان کو ایک اور اعزاز ملا ہے۔ پاک فوج کے سربراہ پہلے پاکستانی ہیں جو رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے مہمان خصوصی بنے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئےآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔یہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزیدمضبوط ہورہے ہیں ۔
انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے تمام گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج آپ کے ساتھ دو پاکستانی کیڈٹس فارغ التحصیل ہو رہے ہیں مجھے آپ سب پر اتنا ہی فخر ہے جتنا مجھے اپنے پاکستانی کیڈٹس پر ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوجی شعبے میں روز بروز نت نئی جدت آرہی ہے ۔ اعلی پیشہ ورانہ تربیت سے ہی بااعتماد فیصلہ سازی ممکن ہوتی ہے۔ بنی نوع انسان کی تقدیر بدلنے کے لیے ہمیں تصادم کی بجائے امن اور تعاون کا راستہ اختیارکرنا ہوگا۔ پریڈ ایونیو آمد پرآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بطورمہمان خصوصی پاسنگ آوٹ پریڈ کامعائنہ کیا۔ پاسنگ آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو سلامی پیش کی۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے اعلی کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازات بھی دیے۔رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں چھبیس ملکوں کے اکتالیس غیرملکی کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے جن میں ملٹری اکیڈمی کا کول کے دوکیڈٹس محمدعبداللہ بابر اورمجتبیٰ بھی شامل ہیں۔