اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت بچانے کیلئے پوری ڈھٹائی سے آئین و قوانین پامال کئے جا رہے ہیں ۔
اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز گل پر کئے جانے والے جسمانی تشدد کی مذمت کرتا ہوں ۔ کس قانون کے تحت اور کس کے احکامات پر اسے نشانہ ستم بنایا جا رہا ہے ؟ اگر اس نے کوئی قانون توڑا ہے تو اسے صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے ۔
شہبازگِل پرکئےجانےوالےجسمانی تشدد کی شدیدمذمت کرتاہوں۔کس قانون کےتحت اور کس کےاحکامات پراسےنشانۂ ستم بنایاجارہاہے؟اگر اس نےکوئی قانون توڑاہےتو اسےصفائی پیش کرنےکاموقع دیاجاناچاہئے۔ مگرمحض مجرموں کی امپورٹڈ حکومت بچانےکیلئےپوری ڈھٹائی سےآئین اورتمام قوانین پامال کئےجارہےہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 12, 2022
ادھر فواد چودھری نے بھی اپنی ٹویٹ میں شہباز گل پر ہونے والے تشدد کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے جسم پر تشدد کے نشان ظلم کی اس داستان کی گواہی ہیں ۔ ریمانڈ مسترد ہونے کے باوجود شہباز کو جیل نہیں بھیجا گیا ابھی تک منشی خانے میں ہے ۔ اب نئی سازش سوچی جا رہی ہے ۔
شہباز گل پر پولیس حراست میںُ تشدد عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے،تحریک انصاف شہباز گل پر پولیس حراست میں شدید تشدد کا معاملہ عالمی فورمز میں اٹھائے گی اس مقصد کیلئے ڈاکٹر شیریں مزاری کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ عالمی اداروں سے رجوع کریں اور مبصرین اس معاملے کی تحقیق کریں https://t.co/iuYPVX4W8x
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 12, 2022
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز گل کے اوپر دوران تفتیش پولیس کا تشدد نا قابل برداشت ہے ۔ عمران خان اور پی ٹی آئی قائدین ہر قسم کا ظلم برداشت کرنے کو تیار ہیں ۔ امپورٹڈ حکومت جتنا مرضی ظلم ، جبر اور استبداد کر لے حقیقی آزادی کا رستہ نہیں روک سکتی ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کی گرفتاری کئی سوالیہ نشان کھڑے کر گئی ہے ۔ عوام ایاز صادق ، جاوید لطیف ، خواجہ آصف ، بیگم صفدر اعوان کی گرفتاری کی منتظر ہے ۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 13 اگست کو لاہور میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ۔ جلسے میں عمران خان حقیقی آزادی بارے انتہائی اہم پالیسی کا اعلان کریں گے ۔ عمران خان کا مقصد پاکستان کی عوام کو حقیقی آزادی دلانا ہے ۔
واضح رہے کہ اداروں کے خلاف اکسانے کے کیس میں عدالت نے شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کر دیا ہے ۔ ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا ۔