نازیہ کو ان کے شوہر نے زہر دیا: زوہیب حسن ، اشتیاق بیگ نے الزامات بے بنیاد قرار دے دیے

نازیہ کو ان کے شوہر نے زہر دیا: زوہیب حسن ، اشتیاق بیگ نے الزامات بے بنیاد قرار دے دیے
سورس: فائل فوٹو

کراچی : گلوکار زوہیب نے دعویٰ کیا ہے کہ نازیہ حسن کو ان کے شوہر اشتیاق بیگ نے زہر دیا تھا جبکہ اشتیاق بیگ نے  زوہيب حسن کے الزامات پر عدالت سے رجوع کرنے اور ايک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائرکرنے کا اعلان کرديا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے مرزا اشتیاق بیگ کا کہنا تھا کہ نازیہ میری محبت تھی ہم بہت خوش تھے میں آج بھی اس سے پیار کرتا ہوں، کینسر کی تشخیص کے باوجود ان سے شادی کی۔

مرزا اشتیاق بیگ کا کہنا تھا کہ نازیہ حسن سے طلاق نہیں ہوئی تھی، آخری وقت تک اس کا شوہر رہا، ںازیہ حسن کے اہلخانہ نے طلاق کا جھوٹا سرٹیفکیٹ بنوایا تھا، نازیہ کے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ ساری تفصیل موجود ہیں کہ ان کی موت کیسے اور اس مجھے ان کا شوہر ہی بتایا گیا ہے ۔

  

بچے کی حوالگی سے متعلق انہوں نے بتایا کہ نازیہ کی وفات سے قبل ان کے والد میرے پاس آئے انہوں نے کہا تھا کہ1 ملین پاونڈ دے دیں ہم بچے کی کسٹڈی دے دیں گے جس پر میں نے برطانیہ کی عدالت سے رجوع کیا جہاں عدالت نے مجھ سے پوچھا کہ بچہ برطانوی شہری ہے اس لیے کیا میں بچے کی لندن میں پرورش کرسکتا ہوں جس کے لیے میں تیار نہیں تھا تاہم نازیہ کی والدہ نے یہ ذمہ داری اٹھانے کا کہا تو عدالت نے  بچے کی حوالگی انہیں دے دی، ساتھ ہی نازیہ کی فیملی نے ان کے نام پر ٹرسٹ بنا کر خوب رقم بٹوری ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی میں مسائل اس وقت شروع ہوئے جب نازیہ نے شادی کے بعد گلوکاری چھوڑی تو زوہیب کا کیریئر ختم ہوگیا تھا جس کے بعد میرے ساتھ ان کے تعلقات خراب ہوئے، زوہیب حسن متحدہ کے سرگرم کارکن تھے عشرت العباد کے ایڈوائزر تھے۔

اشتیاق بیگ نے کہا کہ نازیہ کے علاج کے تمام اخراجات میں نے برداشت کئے، نازیہ اگر اولاد کی ضد نہ کرتیں تو شاید آج زندہ ہوتیں اور انہیں لنگز کینسر سے نجات بھی مل جاتی۔

واضح رہے کہ گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زو ہیب حسن نے ایک انٹرویو میں تہلکہ خیز انکشافات کئےتھے۔

گلوکار زوہیب حسن نے بتایا کہ نازیہ حسن کو ان کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے زہر دیا تھا، زہر دینے کا نازیہ حسن نے خود اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بتایا۔

زوہیب حسن کے مطابق اشتیاق بیگ کے مظالم سے تنگ آکر ہی نازیہ حسن نے مرنے سے پہلے ان سے طلاق لی تھی۔

زوہیب حسن نے کہا کہ اشتیاق بیگ نے نازیہ حسن کو برطانیہ میں قیدی بنا کر بھی رکھا۔ اس شخص نے پہلے نازیہ کو تکلیفیں پہنچائیں پھر میری ماں کو میرے باپ کو دکھ پہنچائے۔  اشتیاق بیگ سے نازیہ کی شادی کروانا ہماری سب سے بڑی غلطی تھی۔

یاد رہے کہ ماضی کی معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی 21ویں برسی  13 اگست کو منائی جائے گی، نازیہ حسن کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو کر محض 35سال کی عمر میں 13 اگست 2000کو لندن کے ایک اسپتال میں وفات پا گئی تھیں۔