اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی آزاد کشمیر کے وزیر اعظم عبد القیوم نیازی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی بدلتی صورتحال سمیت بھارتی ظلم و بربریت کیخلاف ہر فورم پر آواز اُٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سے بات چیت کرتے ہوئےکہا پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔
پاکستان اور آزاد کشمیر کے وزرائے اعظم کی ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کیلئے تعمیر و ترقی کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی ،وزیرِ اعظم نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارتِ عظمی آزاد کشمیر کے عہدے پر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ان پر اعتماد کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکی حکومت کی ترجیح نہ صرف آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل کا حل ہے بلکہ سرحد پار اپنے ان بہن بھائیوں کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھی ہر ممکنہ کوشش کرنا ہے جو غیر قانونی بھارتی تسلط میں بے پناہ مسائل کا شکار اور صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔