روسی ہیلی کاپٹر جھیل میں جاگرا ، 7 افراد لاپتہ

05:45 PM, 12 Aug, 2021

ماسکو : روس میں ہیلی کاپٹر جھیل میں جاگرا،حادثے میں سات افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ نو افراد کو ڈھونڈ لیا گیا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق کامچٹکا میں ایمرجنسی منسٹری (ایمرکوم) کی پریس سروس نے اطلاع دی ہے کہ 13 سیاحوں اور عملے کے تین ارکان پر مشتمل ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر نے کامچٹکا میں ہارڈ لینڈنگ کی ہے۔

حادثے کا شکار  ہیلی کاپٹر ویتیاز ایرو کمپنی کی ملکیت تھا اور یہ 13 مسافروں اور تین رکنی عملے کے ساتھ کامچٹکا جزیرہ نما کے جنوب میں ایک جھیل کے قریب مشکل سے اترا۔

ہیلی کاپٹر ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ سے سیاحوں کو لے جا رہا تھا فنی خرابی کی وجہ سے جھیل میں گر گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس حادثہ کے بعد نو افراد کو ڈھونڈ لیا گیا ہے اور سات افراد لاپتہ ہیں۔

روس کی تاس نیوز ایجنسی کے مطابق  سات مسافر اور عملے کے دو ارکان حادثے میں زندہ بچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ کامچٹکا سیاحوں میں اپنے قدرتی حسن کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ ماسکو سے چھ ہزار کلومیٹر مشرق اور الاسکا سے تقریبا 2 ہزار کلومیٹر مغرب میں ہے۔

روس کی وزارت ہنگامی حالات کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں