بھارت کو اسٹریٹجک پارٹنر بنانے کے بعد امریکہ کا پاکستان سے سلوک مختلف ہے :وزیر اعظم 

05:25 PM, 12 Aug, 2021

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے بالآخر پوری دنیا کے سامنے امریکہ بھارت کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا ،عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے فیصلہ کر لیا کہ بھارت اس کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے اس لیے پاکستان سے مختلف سلوک کیا جا رہا ہے ۔

غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان دل کی بات زبان پر لے ہی آئے ،عمران خان نے دنیا پر واضح کر دیا کہ امریکہ کی پاکستان اور بھارت سے متعلق سوچ میں بڑا فرق ہے ،امریکہ نے فیصلہ کر لیا کہ بھارت اس کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے یہ ہی وجہ ہے جو آج پاکستان کیساتھ مختلف سلوک کیا جا رہا ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا چین دنیا بھر میں سپر پاور کے طور پر ابھر رہا ہے ،چین اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں ،چین نے ہمیشہ مشکل سے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ،چین ہی واحد ملک ہے جس نے مشکل وقت میں کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا،چین پاکستان کیساتھ ساتھ افغانستان کا بھی ہمسایہ ملک ہے اس لیے وہاں پر امن قیام میں چین کا بھی اہم کردار ہو گا ۔

واضح رہے غیر ملکی صحافیوں کے ساتھ تفصیلی گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان ایشو سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجود ہ صورتحال میں افغانستان کو کوئی حل نظر نہیں آر ہا ہے ،کیونکہ افغان طالبان کا ماننا ہے کہ وہ اشرف غنی کے ہوتے ہوئے مذاکرات کاحصہ نہیں بنیں گے ۔

مزیدخبریں