سکردو ائرپورٹ پربھی عالمی پروازیں لینڈ کریں گی

سکردو ائرپورٹ پربھی عالمی پروازیں لینڈ کریں گی
سورس: file photo

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کا کہنا ہے کہ اسکردو ہوائی اڈے کو ‘انٹرنیشنل ایئرپورٹ’ کا درجہ دیا جارہا ہے جس کے بعد عالمی پروازوں کی آمد ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اسکردو ایئرپورٹ کے حوالے سے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے ایوی ایشن ڈویثرن کو مراسلہ جاری کردیا۔ سی اے اے کا کہنا ہے کہ اسکردو ہوائی اڈے کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دیا جارہا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ اس اقدام کی بدولت عالمی پروازوں کی آمد سے سیاحت کو فروغ اور زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا، اسکردو میں صرف ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ایئرپورٹ موجود ہے۔

 سی اے اے نے بتایا کہ اسکردو کو پاکستان میں عالمی پروازوں کے روٹس سے جوڑنا ہے۔

 اس ضمن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اسکردو ایئرپورٹ معاہدوں کے تحت نامزد غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے دستیاب ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ساڑھے 7ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردو ایئرپورٹ بلند ترین ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کے لیے اس ایئرپورٹ پر رواں سال کے آغاز سے کام جاری ہے۔