واٹس ایپ نے آئی فون سے اینڈرائڈ سمارٹ فون پر ’ہجرت‘ کو بے حد آسان بنا دیا

02:56 PM, 12 Aug, 2021

لاہور: پیغام رسانی کیلئے دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے آئی فون سے اینڈرائڈ پر ’ہجرت‘ کے عمل کو آسان بنا دیا ہے تاہم تمام صارفین اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ 
واٹس ایپ نے اپریل میں ایک فیچر متارف کرانے کا عندیہ دیا تھا اور بتایا تھا کہ اس سے آئی فون کی بجائے اینڈرائڈ فون استعمال کرنے والے صارفین کیلئے واٹس ایپ چیٹ منتقل کرنے کا عمل آسان ہو جائے گا اور اب یہ فیچر بہت جلد فراہم کئے جانے کا امکان ہے لیکن تمام صارفین اس فیچر سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ 
سام سنگ نے نئے سمارٹ فونز گلیکسی زیڈ فولڈ 3 اور زیڈ فلپ 3 کے لانچ کے موقع پر اس فیچر کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح آ ئی فون صارفین یونیورسل سیریل بس (یو ایس بی) کے ذریعے اپنی تمام واٹس ایپ چیٹس اور میڈیا اینڈرائڈ فون پر منتقل کر سکتے ہیں۔ 

بعد ازاں واٹس ایپ حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ایپلی کیشن میں مذکورہ فیچر شامل کرنے جا رہے ہیں جس کے ذریعے آئی فون صارفین واٹس ایپ چیٹس، وائس نوٹس، فوٹوز اور ویڈیوز سام سنگ کے فولڈ ایبل فونز میں منتقل کر سکتے ہیں جبکہ یہ فیچر بعد ازاں ایسے تمام سام سنگ سمارٹ فونز پر بھی مہیا کر دیا جائے گا جن میں اینڈرائڈ 10 یا اس کے بعد آنے والے ورژنز انسٹال ہیں۔ 
آئی فون صارفین اگر سام سنگ اینڈرائڈ فونز کے علاوہ کسی کمپنی کے اینڈرائڈ فون پر منتقل ہونا چاہتے ہیں تو وہ یہ فیچر استعمال نہیں کر سکیں گے تاہم آخر کار یہ فیچر تمام اینڈرائڈ فونز پر دستیاب ہو گا مگر اس ضمن میں کمپنی کی جانب سے کسی بھی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ 

مزیدخبریں