اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ورک ویزا کے حامل پاکستانیوں کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں جن کے مطابق یو اے ای کیلئے پرواز کی روانگی سے 48 گھنٹے قبل کی پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈا آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پی سی آر ٹیسٹ یو اے ای کی منظور شدہ لیبارٹری سے کرانا ہو گا، یو اے ای پرواز روانگی سے چار گھنٹے قبل ریپڈ پی سی آر منفی ٹیسٹ بھی لازمی ہو گا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کی گائیڈ لائن کے بعد سٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس میں یو اے ای جانے والے مسافروں کیلئے ٹیسٹنگ پروٹوکول طے کئے گئے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ایئر لائنز کی مشاورت کے ساتھ ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیلئے مستند لیبارٹریز کے کاؤنٹرز بنائے گی جبکہ ایئرپورٹ منیجرز بین الاقوامی روانگی لاؤنج میں لیب کاؤنٹرز کیلئے جگہ کی نشاندہی کریں گے۔
این سی او سی نے ائیرپورٹس پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) امیگریشن کاؤنٹرز پر سٹاف کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت بھی ہے تاکہ مسافروں کی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے بعد بورڈنگ کو مقررہ وقت میں یقینی بنایا جائے۔
یو اے ای کے ورک ویزا کے حامل پاکستانیوں کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئیں
01:00 PM, 12 Aug, 2021