کراچی: کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں گھر میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔
علاقہ مکینوں نے آتشزدگی کی اطلاع امدادی ٹیموں اور فائر بریگیڈ عملے کو دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق افراد میں دو خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔ یہ تمام افراد عمر رسیدہ تھے۔
امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے جھلسنے والے افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ مرنے والوں کی شناخت 45 سالہ اکبر، 60 سالہ فرحت مرزا، 78 سالہ صبیحہ مرزا، 72 سالہ شازیہ مرزا اور 80 سالہ سلطان مرزا کے نام سے ہوئی ہے۔
ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام افراد کی موت آتشزدگی کے باعث گھر میں دھواں بھرنے سے ہوئی۔ یہ تمام معمر افراد دم گھٹنے سے بے ہوش ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے انھیں ہسپتال منتقل کیا لیکن جانبر نہ ہو سکے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں سے ایک شخص فرحت مرزا شعبہ تعلیم سے وابستہ تھے اور ان دنوں جناح میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر کے عہدے پر تعینات تھے۔
واقعے کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔
فائر بریگیڈ نے گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں ایک فائر فائٹر بھی زخمی ہوا۔