کراچی میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، شہر کو قومی پرچم اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا

08:43 PM, 12 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

کراچی:  پاکستان کا 70 واں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلیے زبردست تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں، شہرکے گلی کوچوں، محلوں، شاہراہوں،عمارتوں اور دیگر مقامات کوخوبصورتی سے سجایا جارہا ہے۔

شہرکی اہم سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے جبکہ ان عمارتوں کو خوبصورتی سے سجا بھی دیا گیا ہے،جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے بچوں، نوجوانوں اور خواتین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے،شہر بھر میں قومی پرچموں کی بہار آگئی۔

بچوں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ جشن آزادی ہمارے لیے عید کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن برصغیرکے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت حاصل ہوئی تھی،جشن آزادی کے سرکاری و نجی عمارتوں کوبرقی قمقموں سے سجانے کا کام جاری ہے،شہری اپنی گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجا رہے ہیں۔

بچے، بچیاں اور نوجوان اپنے گھروں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے آراستہ کررہے ہیں، شہر میں نوجوان قومی پرچم لہراتے ہوئے موٹرسائیکل ریلیاں نکال رہے ہیں ،مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے سیمینار و مذاکروں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں