اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے گریڈ 20 کے افسر و سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر اقبال گوندل کو اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کر دیا۔ ظفر اقبال گوندل کے خلاف ایف آئی اے میں ای او آئی بی میں کرپشن پر مقدمات درج ہیں۔ ظفر گوندل حال ہی میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سابق وفاقی وزیر نذر گوندل کے بھائی ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم نے کرپشن اقدامات ثابت ہونے پر ظفر اقبال گوندل کو ملازمت سے برطرف کرنے کی منظوری دے دی۔ محکمانہ انکوائری رپورٹ میں بھی ظفر گوندل پر کرپشن ثابت ہونے کے شواہد دیئے گئے۔
اس کے بعد رواں برس 19 جون کو ظفر گوندل کو وزیر اعظم کی طرف سے صفائی کا موقع دیا گیا جس میں انہوں نے اپنا تحریری بیان جمع کرایا اور اپنے دفاع میں دیگر دستاویزات بھی دیں تاہم کرپشن الزامات کا وہ دفاع نہیں کر پائے جس کی روشنی میں ظفر اقبال گوندل کے خلاف گورنمنٹ سرونٹس رولز 1973 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کی منظوری دی گئی۔ فیصلے سے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور سیکرٹری فنانس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں