کراچی:ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے۔
ملتان کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 105 رنز کی اننگز کھیلی، جو اس ایڈیشن کی پہلی سنچری ثابت ہوئی۔ انہوں نے 63 گیندوں پر 9 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔ مائیکل بریسویل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر 44 رنز بنائے جبکہ کامران غلام نے بھی اہم 36 رنز جوڑے۔
جواب میں کراچی کنگز نے آخری اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔ انہوں نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنا کر میچ اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی کراچی کنگز نے ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر لیا۔
کراچی کی جانب سے حسن علی، عباس آفریدی اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
محمد رضوان کی شاندار سنچری کے باوجود ملتان سلطانز فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی۔