ایران :ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے علاقے مہرستان میں ایک افسوسناک واقعے میں 8 پاکستانی کار مکینکس جان کی بازی ہار گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ افغان سرحد کے قریب ایک ورکشاپ میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے داخل ہوکر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے دوران حملہ آوروں نے پہلے متاثرین کے ہاتھ پیر باندھے اور بعد میں انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق مقتولین مہرستان میں کار مکینک کا کام کرتے تھے۔ جاں بحق افراد کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے بتایا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جن پانچ افراد کی شناخت ہوچکی ہے ان میں جعفر، دانش، ناصر، دلشاد (ورکشاپ مالک) اور اس کا بیٹا نعیم شامل ہیں۔
ایرانی حکام واقعے کی تفتیش میں مصروف ہیں، جبکہ پاکستانی سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشوں کو وطن واپس لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔