اسلام آباد:پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین کو میٹا کی کالنگ اور میسجنگ ایپ واٹس ایپ کے استعمال میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، دنیا کے مختلف ممالک میں واٹس ایپ صارفین کو میسجز بھیجنے اور اسٹیٹس اپلوڈ کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ صارفین نے ایکس، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا ایپس پر شکایات کی ہیں کہ واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے اور اسٹیٹس اپلوڈ کرنے میں خلل آیا ہے۔
پاکستان میں بھی واٹس ایپ کی سروس میں تعطل اور تاخیر کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ صارفین نے بتایا کہ بھیجے گئے پیغامات دوسرے صارفین تک پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کر رہے ہیں، اور واٹس ایپ گروپ میں بھیجے گئے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز بھی دوسرے صارفین تک نہیں پہنچ پا رہے۔
میٹا یا واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے اس تکنیکی خرابی سے متعلق ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کچھ صارفین نے فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی اسی نوعیت کی مشکلات کا ذکر کیا ہے، کیونکہ یہ تینوں ایپس میٹا کمپنی کی ملکیت ہیں۔