پشاور: میٹرک کے مطالعہ پاکستان کے امتحانی پرچے میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی تعلیمی پالیسی پر متنازع سوال شامل کیے جانے پر پیپلز پارٹی کے رکن احمد کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروا دیا۔
نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیم میں ایمرجنسی کے دعوے تو کیے، مگر عملی طور پر تعلیم کی بہتری کے بجائے نفرت انگیز بیانیے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
احمد کریم کنڈی نے اپنے نوٹس میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی تعلیمی اصلاحات نے تعلیمی نظام میں ایک نئی روح پھونکی، ان کا خواب ایک علم دوست پاکستان تھا، مگر ان کے بارے میں گمراہ کن سوال شامل کرنا نہ صرف شرمناک بلکہ تاریخ سے ناانصافی بھی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی تعلیم دوست خدمات کو تسلیم کرے اور ان کی تعلیمی اصلاحات کو مثبت انداز میں نصاب میں شامل کرے۔
واضح رہے کہ پشاور بورڈ کے امتحانی پرچے میں طلبہ سے ذوالفقار علی بھٹو کی تعلیمی پالیسی کی ناکامی کی چار وجوہات تحریر کرنے کو کہا گیا تھا، جس پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔