ٹیسلا نے چین میں ماڈل ایس اور ماڈل ایکس کی فروخت روک دی

ٹیسلا نے چین میں ماڈل ایس اور ماڈل ایکس کی فروخت روک دی

بیجنگ: معروف امریکی الیکٹرک گاڑی ساز کمپنی ٹیسلا نے چین میں اپنی دو اہم درآمدی گاڑیوں — ماڈل ایس (Model S) اور ماڈل ایکس (Model X)  کے نئے آرڈرز لینا بند کر دیے ہیں۔

چین میں ٹیسلا کی آفیشل ویب سائٹ سے ان ماڈلز کے ساتھ موجود "ابھی آرڈر کریں" کا بٹن ہٹا دیا گیا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ گاڑیاں اب چینی صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔ اس حوالے سے کمپنی نے تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، نہ صرف ٹیسلا کی ویب سائٹ بلکہ چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم وی چیٹ (WeChat) پر بھی ان ماڈلز کے آرڈر کا آپشن ہٹا دیا گیا ہے اور صرف "دستیاب کاریں دیکھیں" کا بٹن باقی رہ گیا ہے۔

ٹیسلا کے باقی ماڈلز، جیسے ماڈل 3 اور ماڈل Y، بدستور چین میں فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ اقدام امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، کیونکہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر درآمدی محصولات میں اضافہ کیا ہے۔ اس سے امریکی مصنوعات، خاص طور پر گاڑیاں، چینی مارکیٹ میں مہنگی ہو گئی ہیں۔

کاروباری ماہرین کے مطابق، چینی صارفین اب مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دے رہے ہیں، جس سے درآمدی ماڈلز کی طلب میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیسلا کا یہ فیصلہ بدلتے ہوئے صارفین کے رجحانات اور تجارتی دباؤ کے پیشِ نظر ایک اسٹریٹجک اقدام ہو سکتا ہے۔