منسک: وزیراعظم شہباز شریف نے منسک میں واقع بیلاز فیکٹری کا دورہ کیا، جو عالمی سطح پر ہیوی مشینری اور گاڑیاں تیار کرنے کے لیے مشہور ہے۔ اس موقع پر بیلا روس کے وزیراعظم الیگزینڈر تورچن نے وزیراعظم شہباز شریف کا پُر جوش استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیکٹری کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور الیکٹرک بس میں سفر کیا۔ فیکٹری حکام نے انہیں بتایا کہ بیلاز فیکٹری 1948 سے کان کنی کے لیے آلات تیار کر رہی ہے، اور 1951 سے گاڑیوں کے لیے سازوسامان تیار کرنے کا عمل جاری ہے۔ 1958 سے فیکٹری 25 ٹن وزن اٹھانے والے ٹرک بھی تیار کر رہی ہے، جن کی ماہانہ پیداوار 30 ٹرکوں تک پہنچ چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیکٹری کے دورے کے دوران کہا کہ "یہ فیکٹری جدید ٹیکنالوجی کی ایک بہترین مثال ہے۔ ہمیں بھی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی ضرورت ہے تاکہ ہماری صنعتی ترقی میں اضافہ ہو سکے۔"
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بیلا روس کے وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر تجارت جام کمال بھی موجود تھے۔