پاکستان سپر لیگ 10: آج راولپنڈی اور کراچی میں کرکٹ کے دو سنسنی خیز مقابلے

01:28 PM, 12 Apr, 2025

اسلام آباد : پاکستان سپر لیگ 10 کے دوسرے دن کرکٹ کے شائقین کو ڈبل دھمال دیکھنے کو ملے گا، جہاں آج دو دلچسپ اور اہم میچز کھیلے جائیں گے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا، جو سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیمیں اپنے جیت کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے بھرپور انداز میں میدان میں اُتریں گی۔

دوسرا میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں رات 8 بجے کھیلا جائے گا، جس میں کراچی کنگز کا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہوگا۔ کراچی کنگز اس میچ میں اپنے اولین میچ میں کامیابی کی کوشش کریں گے، جبکہ ملتان سلطانز بھی اس میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کی بھرپور جدوجہد کرے گی۔

پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان تھا، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا تھا۔ اس جیت نے ٹورنامنٹ کے آغاز کو اور بھی دلچسپ بنا دیا ہے، اور آج کے میچز میں بھی شائقین کرکٹ کو کامیاب اور شاندار کرکٹ کا مزہ ملے گا۔

مزیدخبریں