پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کا امکان

پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کا امکان

اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کی وجہ سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 دنوں کے دوران 8 سے 10 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، عالمی سطح پر برینٹ خام تیل کی قیمت حالیہ دنوں میں 64.71 ڈالرز فی بیرل تک گر چکی ہے، جس کے اثرات پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر نظر آ سکتے ہیں۔ تاہم، اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر 70 روپے فی لٹر لیوی عائد کر رہی ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو نہیں پہنچے گا۔

رپورٹس کے مطابق، حکومت جی ایس ٹی کی شرح بڑھانے پر غور کر رہی ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اثر معیشت پر کم سے کم ہو۔ 31 مارچ کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بجائے بجلی کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کی تھی، جس سے توانائی کے شعبے میں قیمتوں کو مستحکم رکھا جا سکا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں میں یہ کمی عمل میں آتی ہے، تو عوامی سطح پر ریلیف ملنے کے ساتھ ساتھ معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔