ایٹمی تنازع پر ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات، خطے میں کشیدگی کم ہونے کی امید

01:02 PM, 12 Apr, 2025

تہران/عمان : ایران اور امریکہ کے درمیان کئی ماہ کی خاموشی کے بعد ایٹمی پروگرام سے متعلق آج عمان میں بالواسطہ مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے، جو خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کی ایک بڑی سفارتی کوشش سمجھی جا رہی ہے۔

ان مذاکرات میں ایران کی نمائندگی سینئر سفارتکار عباسی عراقچی جبکہ امریکہ کی نمائندگی سٹیو وٹکوف کریں گے۔ ملاقات سے قبل دونوں وفود عمانی وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جو اس عمل میں ثالثی کا کردار ادا کریں گے۔

ماہرین کے مطابق ایران کا مؤقف ہے کہ وہ صرف پرامن مقاصد کے لیے ایٹمی توانائی حاصل کر رہا ہے، جبکہ امریکا کا خدشہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی جانب بڑھ رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بیان کے مطابق امریکہ کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ایران غیر جانبدار، منصفانہ اور پائیدار معاہدہ چاہتا ہے جو اس کی خودمختاری اور سلامتی کا ضامن ہو۔

ان مذاکرات کے نتائج پر دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں، کیونکہ ان کا اثر نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی سطح پر توانائی، سیکیورٹی اور جغرافیائی سیاست پر بھی پڑ سکتا ہے۔

مزیدخبریں