راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے دسویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے نام رہا، جہاں کولن منرو کی دھواں دار نصف سنچری اور جیسن ہولڈر کی تباہ کن بولنگ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست سے دوچار کردیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ شاداب خان کا یہ فیصلہ سودمند ثابت ہوا اور لاہور قلندرز کی ٹیم صرف 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
قلندرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، سوائے عبداللہ شفیق کے جو 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، فخر زمان، سام بلنگز اور ڈیوڈ ویزے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4، شاداب خان نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ریلے میریڈتھ اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کولن منرو نے شاندار ناقابل شکست ففٹی اسکور کی اور ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلائی۔
یہ میچ پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے اس سفر کا آغاز ہے جو 18 مئی تک جاری رہے گا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، جن کی میزبانی لاہور، راولپنڈی، کراچی، ملتان اور پشاور کریں گے۔