بجلی کے بلوں میں کمی عید پر عوام کے لیے حکومت کا تحفہ ہے، عطا تارڑ

 بجلی کے بلوں میں کمی عید پر عوام کے لیے حکومت کا تحفہ ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی عید پر عوام کے لیے حکومت کا تحفہ ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا فوکس مہنگائی میں کمی پر ہے،  اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم رہنے سے یہ ممکن ہوا، کوشش ہوگی یہ سلسلہ چلتا رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مثبت اشاریئے سامنے آ رہے ہیں، حکومت بجلی چوری کے خلاف اقدامات اٹھا رہی ہے، بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے بہترین حل سامنے لا رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم ہے، نگران دور میں بھی روپے کی قدر مستحکم رہی، اگر حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی مالیاتی جریدے بھی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بلومبرگ نے بھی کہا ہے کہ دو فیصد مہنگائی میں کمی ہوئی ہے جبکہ بلومبرگ نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوگی۔

مصنف کے بارے میں