اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ دوبارہ وزیر اعظم بنا تو بیرون ملک جا کر بھیک نہیں مانگو گا بلکہ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کروں گا۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو صادق اور امین ہو۔
کارکنان کے ساتھ افطاری کے موقع پر خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی مسلمان نہیں ہو سکتا جب وہ اللہ اور نبی سے پیار نہ کرے۔اللہ کے نبی نے ہمیں ہماری ہدایت کے لیے قرآن مجید جیسی کتاب دی اس پر ان کا شکر ادا کرنا چاہیے۔دنیا میں عزت کمانی ہے تو سچائی اور انصاف کرنے والی خصوصیت ہمارے اندر ہونی چاہیے۔
عمران خان نے کہ تھا کہ عزت کا تعلق پیسوں سے نہیں ہے عزت کا تعلق سچائی اور انصاف سے ہوتا ہے ۔ میں چاہتا ہوں آپ سب لیڈر بنیں، اللہ نے ہمیں اشرف المخلوقات بنایا ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ لیڈر بننے کے لیے ہمارا کردار اپنے نبی اکرم جیسا ہونا چاہیے سب سے پہلے صادق اور امین ہونا چاہیے۔اس کے بعد دلیر ہونا چاہیے، بزدل آدمی نواز شریف بن سکتا ہے دلیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کا نام نہیں لینا چاہتا تھا میں بس مثال دینا چاہتا تھا۔جب آپ جیسے نظریاتی کارکنان نکل رہے ہیں جن سے حقیقی آزادی آئے گی۔کبھی غلام بڑے کام نہیں کر سکتا وہ اچھے غلام رہتے ہیں۔آزاد انسان اچھے کام کرتے ہیں اور بلند پرواز کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکلوں سے گھبرانا نہیں چاہیے وہ آپ کو مضبوط کر دیتا ہے ۔ پرندوں میں شاہین آزاد ہوتا ہے تو اُونچی پرواز کرتا ہے ۔ پیسے اور خوف کا بت توڑنا چاہیے، خوف کا بت سب سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جو ہارنے سے ڈر جائے اسے جیتنا نہیں آتا۔ خوف کا بت انسان کی پرواز میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جسے میرے کارکنان نے توڑ دیا ہے ۔ ایک اندرونی آزادی ہوتی ہے جو لا الہ الااللہ سے ملتی ہے ۔ پیسے کا بت بڑے بڑے انسان کو غلام بنا دیتا ہے ۔ موت ، عزت ذلت اور رزق تین خوف کے بت ہیں جو اللہ نے اپنے ہاتھ میں رکھے ہوئے ہیں۔