اسلام آباد: وفاقی سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن میں 10 فیصد اضافے کا ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم سیکرٹریٹ کی ہدایت پر وزارت خزانہ نے سمری تیار کر لی۔
ذرائع کے مطابق سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں پیش کی جائے گی ، وزارت خزانہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے فوری بعد نوٹیفکیشن جاری کریگی ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے پر 25 ارب روپے سالانہ خرچ ہونگے، جبکہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں دس فیصد اضافے کے مالی اخراجات اس کے علاوہ ہیں، وزارت خزانہ کی جانب سے اپنی ورکنگ مکمل کر کے کابینہ ڈویژن کو سمری جلد بھجوا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھاتے ہی سرکاری ملازمین کیلئے معاشی پیکیج کا اعلان کیاتھا۔جب آج پھر وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم ہاؤس پہنچتے ہی عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ کمر کس لیں ، عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں ، ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرنا ۔ انہوں نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات پر فوری عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کر تے ہوئے کہا کہ پنشن میں اضافے اور کم ازکم اجرت 25 ہزار کے اعلانات پر فوری عمل کیا جائے ۔ جبکہ رمضان بازاروں کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے ، سستی اشیاء کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔