ترقی پذیرممالک کیلئے ہنگامی مالیاتی ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم

08:53 PM, 12 Apr, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دنیا کی طاقتور معیشتوں سے مطالبہ کیا کہ عالمی وبا کے تدارک کیلئے ترقی پذیر ممالک کی معاونت کرتے ہوئے انھیں ویکسین کی ٹیکنالوجی فراہم کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اکنامک اینڈ سوشل کونسل فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کے لیے ہنگامی مالیاتی ریلیف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اپنائی۔ اب پاکستان کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کر رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے پہلے 10 متاثرہ ملکوں میں شامل ہے اور اس لئے حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ملک میں 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا۔ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی منصوبوں پر ہماری بھرپور توجہ ہے۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیرملکوں کے لوٹے گئے پیسوں کی بھی فوری اور غیر مشروط واپسی کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے یو این ڈی پی پاکستان کی انسانی ترقی کے بارے میں جاری ہونے والی رپورٹ کے اجرا پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی غریبوں کےمسائل پرخصوصی توجہ ہے،غربت کےخاتمےکیلئے اقدامات اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کورونا سے غریب بہت زیادہ متاثر ہوئے جبکہ حکومت کی ترجیح غریب افراد کو اوپر لانا اور بنیادی ضروریات پوری کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری نظر میں معاشرہ اپنے کمزور طبقے کی دیکھ بھال سے پہچانا جاتا ہے اور ایلیٹ کلچر ترقی پذیر ممالک کا ایک بڑا مسئلہ ہے، دنیا کو سوچنا پڑےگا کہ چند افراد کے ہاتھوں میں ساری دولت نہیں ہونی چاہیے۔ ہر سال غریب ممالک کے 10 کھرب ڈالرز امیر ممالک کے پاس چلے جاتے ہیں کیونکہ غریب ممالک کےکھربوں ڈالرمنی لانڈرنگ کی صورت امیر ممالک میں جاتے ہیں‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا سے غریب بہت زیادہ متاثر ہوا مگر اس دورانیے میں بعض افراد مزید امیر ہو گئے جبکہ اُن کی جائیدادوں اور اثاثوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا اور دنیا کے ہر انسان کے لیے کورونا ویکسین کا اقدام یقینی بنایا جانا چاہیے۔

مزیدخبریں