پی ڈی ایم قائم ہے،پیپلز پارٹی کا معاملہ فضل الرحمن حل کریں گے:مریم نواز

01:49 PM, 12 Apr, 2021

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کاکہناہے کہ جب تک جہانگیر ترین کا نمک ،جہاز اور خرچے پر عیش کرتے رہے اس وقت شوگر مافیا نہیں تھے اب اچانک کیسےشوگر مافیا یاد آگیا۔ن لیگ سے ش اور م نکالنے والے خود عبرت کا نشان بن گئے ہیں۔پی ڈی ایم ٹوٹی نہیں بلکہ قائم ہے پیپلزپارٹی کا معاملہ مولانا فضل الرحمن افہام و تفہیم سے طے کریں گے۔


لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ ڈسکہ کے عوام کو شاباش دینا چاہتی ہوں۔ ووٹ پر پہرہ دیا ووٹ چوروں کے حلق سے سیٹ جیتی۔ یہ ڈسکہ کی فتح نہیں بلکہ بہت بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ اب تو ان کے اندر سے تقسیم کی آوازیں آرہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ نیب پولیٹیکل انجیئنرنگ کا ادارہ بن چکا ہے۔مسلم لیگ (ن) حکومت کے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرتی رہے گی۔حکومت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کیخلاف دن رات پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔نوازشریف کیخلاف تاریخ کا بدترین سیاسی انتقام کیا گیا۔حکومت نے مسلم لیگ (ن) کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر انہیں ناکامی ہوئی۔انہیں عوام کے میدان میں آنے کے بعد بھاگنا پڑا۔


مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام نے ڈسکہ الیکشن میں انہیں دھول چٹائی ہے۔عوام نے انہیں رنگے ہاتھوں ووٹ چوری کرتے ہوئے پکڑا ہےجس روز ان کی حکومت نہ رہی یہ باہر نکل کر مہم چلانے کے قابل نہیں رہیں گے۔نوازشریف نے لندن میں بیٹھ کر اس نااہل حکومت کو شکست دی۔


انہوں نے کہا کہ حکومت ختم ہو رہی ہے ان کی طاقت بھی اب ختم ہو رہی ہے۔حکومت نے ڈسکہ الیکشن میں اپنا پورا زور لگایا،ایک ارب کا پیکج بھی دیا۔مسلم لیگ (ن) نے ریاستی مشینری اور حکومت سے مقابلہ کیا ہے۔ڈسکہ کی فتح ایک بہت بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔

مزیدخبریں