کورونا ویکسین 100 فیصد افیکٹو نہیں: ڈاکٹر فیصل سلطان

پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بڑے شہروں میں زیادہ کیسز ہیں: فیصل سلطان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پنجاب ، خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر کے بڑے شہروں میں زیادہ کیسز ہیں  ۔کورونا ویکسین 100 فیصد افیکٹو نہیں ۔ویکسین کرانے والوں احتیاط نہیں چھوڑنی چاہیے۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں 4200 سے زائد مریض تشویشناک حالت میں ہیں جبکہ گزشتہ سال جون میں 3300 مریض تشویشناک حالت میں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مریضوں کا ہیلتھ سسٹم پر بہت دباؤ ہے ، خیبرپختونخوا میں مریضوں کا پریشر بڑھ رہا ہے ۔

معاون خصوصی نے کہا کہ گزشتہ سال کے اعداد وشمار دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ وبا کے معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا گیا ۔ہسپتالوں کے علاوہ پبلک مقامات پر ایس او پیز پر زیادہ عمل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات ملی ہیں کئی ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ کرائی گئی ہے ۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ عوام ماسک پہننے میں بھی سستی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس سے کیسز بڑھ رہے ہیں ، وبا سے بچاؤ کا واحد حل ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد انتہائی سود مند ثابت ہوگی ، مساجد میں دوران نماز ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ 50 سال سے زائد جن افراد نے ابھی تک اپنے آپ کو رجسٹرڈ نہیں کرایا وہ رجسٹریشن کرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ 60 سال سے زائد عمر کے زیادہ تر افراد کی ویکسی نیشن کردی گئی ہے ۔ جن لوگوں کی پہلی ویکسی نیشن کی گئی تھی ان کی دوسری ویکسی نیشن کا آغاز بھی ہوچکا ہے ۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ عوام باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں ، انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد سے ہی خود سمیت دوسروں کو اس وبا سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے ۔