کورونا کیسز میں اضافہ،پنجاب کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن لگے گا: ڈاکٹر یاسمین راشد

کورونا کیسز میں اضافہ،پنجاب کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن لگے گا: ڈاکٹر یاسمین راشد
کیپشن: کورونا کیسز میں اضافہ،پنجاب کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن لگے گا: ڈاکٹر یاسمین راشد
سورس: file

لاہور:  وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لاہور سمیت  پنجاب کے بڑے شہروں کورونا وائرس کی لہر شدید ہو چکی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

 
نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی کمی نہیں۔ 7 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے، انشاء اللہ اس میں کمی نہیں ہونے دیں گے۔ 19 اور 20 تاریخ کو مزید ویکسین پہنچ رہی ہے۔ لوگ 1033 کی ہیلپ لائن پر فون کریں، گھر پر ویکسین لگے گی۔

 
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید 100 وینٹی لیٹر پنجاب کیلئے پہنچا دیے ہیں۔

  
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کے بڑے شہروں میں کورونا پھیل چکا ہے۔ راولپنڈی میں 17 جبکہ لاہور میں کورونا وائرس کی شرح 19 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ کشیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان شہروں میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں 15 اور لاہور کے آئی سی یو میں 9 مریض داخل ہوئے۔ لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 19 اعشاریہ 6 فیصد رہی۔ شہر میں گزشتہ روز 6 ہزار 129 ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 1 ہزار 206 مثبت آئے۔

 
ادھر نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے 512 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ پشاور میں 73 فیصد، گجرات میں 71 فیصد، سوات میں 66 فیصد، گوجرانوالہ میں 85 فیصد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض ہیں۔۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ لاہور کے 79 فیصد، اسلام آباد میں 55 فیصد گوجرانوالہ میں 88 فیصد اور ملتان میں 81 فیصد وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں سے بھر چکے ہیں۔